21 اپریل 2013 - 19:30

ترکی کے شہر استنبول میں شام کے نام نہاد دوستوں کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے ایک روز بعد روس اور امریکہ کے وزرائے خارجہ نے ٹیلی فون پر شام کے بارے میں بات چیت کی ہے۔

ابنا: اطلاعات کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اپنے امریکی ہم منصب جان کیری سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور شام کے تازہ حالات کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ یہ بات چیت امریکی وزیر خارجہ کی درخواست پر انجام پائی۔ اجلاس میں ترکی امریکہ برطانیہ قطر سعودی عرب اردن مصر متحدہ عرب امارات اٹلی جرمنی فرانس اور شام کے نام نہاد اتحاد کے نمائندے شریک تھے۔
اس اجلاس کے بعد امریکا نے شام کی حکومت مخالف قوتوں کو 12 کروڑ 30 لاکھ ڈالر کی اضافی امداد دینے کا اعلان کر دیا۔ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے کہا کہ شامی باغیوں کو معاشی امداد کے علاوہ ادویات،خوراک اور ہتھیار بھی فراہم کیے جائیں گے۔ دوسری جانب شام میں سرگرم ایک دہشت گرد ثائر موسی العبود نے اردن میں دہشت گردی کی تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔
اس دہشت گرد نے شام کے ٹی وی چینل پر اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ اس نے آٹھ دن تک اردن میں دس فوجی افسروں سے تربیت حاصل کی ہے۔ اس نے کہا کہ اسے شامی بچوں کو اسکول جانے سے روکنے، لوگوں کو قتل اور ان میں خوف و ہراس پھیلانے، دوکانوں پر حملہ کرنے اور گاڑیاں چوری کرنے اور چھیننے کی تربیت دی گئی۔

.......

/169